افغانستان میں طالبان حکومت کے ساتھ شیعہ علما کونسل کا تعاون
افغانستان کی شیعہ علما کونسل کے نائـب سربراہ نے ملک میں طالبان کی عبوری حکومت کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
افغانستان کی شیعہ علما کونسل نے طالبان کی عبوری حکومت میں شیعہ مسلمانوں کی شمولیت پر ہمیشہ زور دیا ہے۔ اس سے قبل اس کونسل کے ایک وفد نے ایک وسیع البنیاد حکومت کے قیام کے سلسلے میں طالبان انتظامیہ سے ملاقات بھی کی تھی۔
افغانستان کی شیعہ علما کونسل کے نائـب سربراہ سید حسین عالمی بلخی نے کہا ہے کہ افغانستان کے شیعہ مسلمان، طالبان کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں، اس لئے کہ تشدد افغانستان کے مفاد میں نہیں ہے۔
انھوں نے افغانستان میں امن و انصاف کے قیام کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وہ افغانستان میں امداد کی منصفانہ تقسیم کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے افغان عوام کے مسائل و مشکلات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امریکہ و یورپ کی پالیسیوں پر شدید تنقید بھی کی۔
واضح رہے کہ امریکہ نے اقتدار میں طالبان کے آنے کے بعد سے مختلف بہانوں سے افغانستان کے ساڑھے نو ارب ڈالر ضبط کر رکھے ہیں۔