شامی فوجیوں کی شجاعت، امریکی فوجی پسپائی پر مجبور
شام کے فوجیوں نے امریکی فوجیوں کے کارواں کا راستہ روک کر انہیں پسپائی پر مجبور کر دیا۔
شام کے سرکاری ٹی وی چینل الاخباریہ کے مطابق شامی فوج کے جوانوں نے بدھ کے روز امریکی فوجیوں کو اس کانوائے کو روک دیا جو شمال مشرقی شام کے صوبہ الحسکہ کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہا تھا۔
یہ امریکی فوجی کارواں الحسکہ کے خویلد علاقے میں جانا چاہتا تھا۔ شام کے شمال مشرقی علاقے کے عوام اس سے پہلے کئی بار امریکی فوجیوں کے کارواں کو علاقے میں گھسنے سے روک چکے ہیں۔
اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ امریکی فوجی غیر قانونی طریقے سے اس علاقے کے تیل اور دیگر ذخائر کی لوٹ پاٹ کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ کئی بار مقامی افراد کے خلاف کاروائیاں بھی انجام دے چکے ہیں۔ ابھی حال ہی میں امریکی فوجیوں کو شام میں داعش کے دہشت گردوں کو منتقل کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
شام کے عوام کا خیال ہے کہ ملک میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹنے کے ساتھ ہی امریکی فوجیوں نے ان کی جگہ لے لی ہے اور وہ وہاں پر تیل کی چوری کے علاوہ دہشت گردانہ اقدامات بھی انجام دیتے رہتے ہیں۔