عراق: کاظمین میں زائرین اور عزاداروں کا ملین مارچ
اہلبیت اطہار علیہم السلام کے دسیوں لاکھ چاہنے والوں کا ساتویں امام علیہ السلام کے یوم شہادت پر عزاداری کے مقصد سے عراق کے شہر کاظمین کی جانب ملین مارچ جاری ہے۔
آسمان امامت و ولایت کے ساتویں درخشاں ستارے، فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کے مقصد سے عراق کے مختلف علاقوں خاص طور سے جنوبی اور وسطی صوبوں سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین بغداد کے شمال میں واقع شہرِ کاظمین پہنچ رہے ہیں۔
عراقی ذرائع نے بھی اعلان کیا ہے کہ زائرین اور عزاداروں کی تعداد ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے جو کاظمین کی طرف رواں دواں ہیں جبکہ راستوں میں ان زائرین کی پذیرائی بھی کی جا رہی ہے۔ حکومت عراق نے بھی امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عراق میں اتوار کو سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق، ایران، ہندوستان اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ساتویں امام حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے مجلس عزا اور ماتم و سینہ زنی اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔