Feb ۲۷, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • حضرت امام موسی کاظم (ع) کا یوم شہادت، لاکھوں زائرین کاظمین میں

آج اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

آسمان امامت و ولایت کے ساتویں درخشاں ستارے، فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کے مقصد سے عراق کے مختلف علاقوں خاص طور سے جنوبی اور وسطی صوبوں سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین, بغداد کے شمال میں واقع شہرِ کاظمین پہنچ گئے ہیں۔

حکومت عراق نے  حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عراق میں اتوار کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ عراق، ایران، ہندوستان اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ساتویں امام حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجلس عزا اور ماتم و سینہ زنی اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔

فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام 20 ذی الحجه سن 128 ہجری قمری میں ابواء نامی گاؤں میں جو مکے اور مدینے کے درمیان واقع ہے, اس دنیا میں تشریف لائے۔ آپ کی مدت امامت پینتیس برسوں پر مشتمل تھی۔ اس عرصے میں آپ نے تمام تر سختیوں اور مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد بھی دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا- علم و عبادت اور سخاوت و بردباری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا اور آپ کی اسی مقبولیت سے خائف ہو کر عباسی خلیفہ ہارون رشید نے ظالم زندان بان سندی بن شاہک کے ذریعے 25 رجب المرجب سن 183 ہجری قمری میں ایک سازش کے تحت زہر دغہ دلوا کر انتہائی مظلومیت کے عالم میں, آپکو شہید کرادیا۔

سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین، قارئین اور چاہنے والوں کو تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس