شامی فوج کے بڑھتے قدم روکنے کی کوشش، فوجی بس پر حملہ، متعدد جاں بحق اور زخمی
شام کے صوبہ حمص کے صحرائی علاقے تدمر میں فوجیوں کو لے جا رہی بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں 13 فوجی جاں بحق اور 18 دیگر زخمی ہوگئے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے فوجیوں کی ایک بس کو اتوار کی شام صوبہ حمص کے صحرائے تدمر میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق یہ دہشت گردانہ حملہ مشرقی تیل کے تیسرے پمپنگ اسٹیشن پر ہوا جس میں 13 فوجی جاں بحق اور 18 ديگر زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے فوجیوں میں کچھ فوجی افسران بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مشرقی صوبہ حماۃ سے لے کر صوبہ حمص کے صحرائی علاقوں نیز تدمر کا علاقہ، داعش کے دہشت گردوں کی سرگرمی کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے اور شام کی فوج نے ان علاقوں میں دہشت گردوں کا تعاقب کرنے کے لئے متعدد بار سرچ آپریشنز انجام دیئے ہیں۔
اسی تناظر میں گزشتہ 17 فروری کو شام کی اسپیشل آرمی تدمر میں داخل ہوئی اور اس نے صوبہ حمص کے صحرائی علاقوں کی پاکسازی کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔