حضرت علی اکبر کی ولادت+ ویڈیو
11 شعبان المعظم کو فرزند زہراء حضرت امام حسین علیہ السلام کے فرزند حضرت علی اکبر کا روز ولادت با سعادت ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں اس دن کو روز جوان کے طور پر منایا جاتا ہے۔
حضرت علی اکبر علیہ السلام امام حسین علیہ السلام کے فرزند ارجمند ہیں آپ کی تاریخ ولادت کے بارے میں مورخین کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے اسی وجہ سے آپ کی عمر شریف بھی معلوم نہیں ہے۔ اکثر مورخین نے صرف کربلا کے مصائب بیان کرتے ہوئے آپ کے حالات کا تذکرہ کیا ہے اور فقط آپ کی شہادت کے واقعہ کو بیان کیا ہے۔
آپ کی تاریخ ولادت میں اختلاف کی وجہ سے آپ کی عمر کے بارے میں معتدد اقوال و نظریات پائے جاتے ہیں۔ بعض مورخین کا کہنا ہے کہ کربلا میں آپ کی عمر 19 سال تھی بعض نے 20 سال اور بعض نے 33 سال بیان کی ہے حتی بعض مورخین نے بیان کیا ہے کہ آپ کربلا میں سن بلوغ کو نہیں پہنچے تھے جبکہ ایک گروہ نے آپ کی عمر 38 سال بھی ذکر کی ہے۔
مورخین کے درمیان اس سلسلے میں پائے جانے والے کثرت اختلاف اور تعدد آراء کی بنا پر جناب علی اکبر علیہ السلام کی عمر کا دقیق طور پر اندازہ لگانا مشکل ہے۔ آپ کی عمر کے سلسلے میں پائے جانے والے اختلاف کے ساتھ ساتھ آپ کے لقب''اکبر‘‘ کے سلسلے میں بھی اختلاف پایا جاتا ہے بعض علماء اور بزرگان نے لقب'' اکبر‘‘ کو امام سجاد علیہ السلام کے لیے بیان کیا ہے جبکہ بعض نے اس سلسلے میں سکوت اختیار کیا ہے کہ آیا لقب ''اکبر‘‘ امام سجاد علیہ السلام کا لقب تھا یا آپ کے بھائی علی کا جو کربلا میں شہید ہوئے؟ جن علماء نے لقب'' اکبر‘‘ کو امام سجاد علیہ السلام کی طرف نسبت دی ہے ان کی دلیل یہ ہے کہ امام سجاد(ع) امام حسین علیہ السلام کے سب سے بڑے بیٹے تھے لہذا اکبر ان کا لقب تھا۔
بہرحال جناب علی اکبر علیہ السلام کی تاریخ ولادت اور آپ کی عمر کے بارے میں جاننے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔