حضرت علی اکبر نوجوانوں کیلئے رول ماڈل
حضرت علی اکبر علیہ السلام تقوا و پرہیزگاری، علم و آگہی، بصیرت، شجاعت، اطعام مساکین، حسن و جمال اور نیک اخلاق و کردار آپ کی بارز ترین خصوصیات میں سے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: 11شعبان المعظم وہ تاریخ ہے جب حضرت امام حسین علیہ السلام کی آغوش مبارک میں علی اکبر جیسا فرزند آیا، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اپنے بابا کے مقصد پر یوں قربان کر دی کہ آج کے جوانوں کے لئے نمونہ بن گئے اور اسی بنیاد پر آج کی تاریخ کو اسلامی دنیا میں علی اکبر علیہ السلام سے منسوب کرتے ہوئے یوم جوان کے نام سے جانا جاتا ہے۔
سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے فرزند، حضرت علی اکبر علیہ السلام تاریخی قرائن و شواہد کی بنیاد پر مرسل اعظم حضرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و الہ و سلم سے شکل و شمائل اور رفتار و کردار کے لحاظ سے بہت زیادہ شباہت رکھتے تھے جس کے سبب آپ کو شبیہ پیغمبر کہا جاتا ہے۔۱۱ شعبان المعظم آپ کا یوم ولادت باسعادت ہے جسے ایران میں یوم نوجوان کا عنوان دیا گیا ہے۔
شبیہ پیغمبرحضرت علی اکبر علیہ السلام کی ولادت با سعادت۱۱ شعبان المعظم سنہ ۳۳ ہجری کو ہوئی جبکہ آپ کی شہادت۱۰ محرم الحرام سنہ ۶۱ ہجری کو کربلائے معلی میں ہوئی۔
حضرت علی اکبر علیہ السلام تقوا و پرہیزگاری، علم و آگہی، بصیرت، شجاعت، اطعام مساکین، حسن و جمال اور نیک اخلاق و کردار آپ کی بارز ترین خصوصیات میں سے ہیں۔
تاریخ گواہ ہے کہ جب کبھی آپ کے پدر بزرگوارحضرت امام حسین علیہ السلام اپنے نانا رسول خدا صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی زیارت کے مشتاق ہوتے تو اپنے جوان بیٹے علی اکبر (ع) کے چہرے کا دیدار کر لیا کرتے تھے۔
امیر المومنین علی علیہ السلام آپ سے بے حد محبت کرتے تھے۔ امیر المومنین علی علیہ السلام کی شہادت کے وقت آپ کی عمر سات برس کی تھی۔
واقعہ کربلا کے موقع پر آپ کی عمر مبارک ۲۸ یا پچیس برس بتائی جاتی ہے، جبکہ بعض کتب میں اٹھارہ اور انیس سال بھی ذکر ہوئی ہے۔
آپ کی شہادت کے بعد آپ کے پدر بزرگوار امام حسین علیہ السلام نے یہ جگر سوز نوحہ پڑھا: ’’علیٰ الدنیا بعدک العفیٰ‘‘؛ بیٹا علی اکبر، تمہارے چلے جانے کے بعد اب خاک ہو دنیا پر!
آج جہاں ایک طرف نوجوانوں سے منسوب اس دن میں ذکر و یاد علی اکبر سزاوار ہے، وہیں بہت مناسب ہے کہ ہم اپنے سماج اور معاشرہ میں غور کریں کہ جوانوں کے مسائل کیا ہیں، انہیں کن مسائل و مشکلات کا سامنا ہے اور ان کا راہ حل کیا ہے۔
سحرعالمی نیٹ ورک اپنے تمام ناظرین ، سامعین اور کرم فرماوں خاص طور سے سبھی نوجوانوں کی خدمت میں تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔