سعودی عرب کے خلاف بحرینی عوام کا احتجاجی مظاہرہ
بحرینی عوام کی سرکوبی کے لئے اس ملک میں سعودی فوجیوں کی مداخلت اور بحرین پر ان کے تسلط کی برسی کے موقع پر بحرینی عوام نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔
غاصب سعودی فوجی پندرہ مارچ دو ہزار گیارہ کو بحرینی عوام کی سرکوبی اور اس ملک کی آل خلیفہ حکومت کو بچانے کی غرض سے ڈھال فوجیوں کی حیثیت سے بحرین میں داخل ہوئے۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی جمعیت الوفاق نے تصاویر کے ساتھ ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بحرینی عوام نے اپنے انقلاب کی سالگرہ اور سعودی فوجیوں کی جارحیت و مداخلت کی برسی کی مناسبت سے وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا۔
الدراز کے نوجوانوں کی تحریک نے بھی تصاویر کے ساتھ اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مختلف علاقوں کے عوام نے سعودی فوجی مداخلت کی گیارہویں برسی کی مناسبت سے وسیع پیمانے پر مظاہرہ اور شہیدوں سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ بحرینی عوام فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں- وہ آزادی،عدل و انصاف کے قیام اور امتیازی سلوک کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن آل خلیفہ کے کارندوں نے ہمیشہ ان کے پرامن مظاہروں کو کچلا اور تشدد و جارحیت کا نشانہ بنایا ہے-