صیہونی فوجیوں کی وحشیگری
میڈیا رپورٹوں کے مطابق صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں کو حملوں کا نشانہ بنایا ہے. اس درمیان فلسطین کی جہادی تنظیموں نے صیہونی کالونیوں کی توسیع کو جارحانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اسے ایک گھناؤنا جرم بتایا ہے۔
القدس کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے مغربی رام اللہ میں بدرس دیہات اور شہر البیرہ پر حملہ کرکے فلسطینی نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
صیہونی فوجیوں نے مشرقی نابلس میں واقع دیرالحطب دیہات پر یلغار کرکے کئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا۔ منگل کو بھی مشرقی نابلس میں بلاطہ کیمپ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے اور فائرنگ میں تین فلسطینی شہید اور چھے زخمی ہوگئے تھے۔
صیہونی فوجی مختلف بہانوں سے ہر روز مظلوم فلسطینی عوام کو حملوں کا نشانہ بناتے ہیں، انہیں شہید و زخمی کردیتے ہیں یا گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیتے ہیں۔
صیہونی حکومت کے فوجیوں کے دشمنانہ اور جارحانہ اقدامات ایسی حالت میں جاری ہیں کہ اس سے قبل فلسطینی استقامتی گروہوں نے بیت المقدس اور غرب اردن میں فلسطینیوں کے خلاف ہرطرح کے جارحانہ اقدام کے بارے میں انتباہ دیا تھا۔
درایں اثنا فلسطین کی تحریک حماس اور جہاد اسلامی نے بیت المقدس اور غرب اردن میں صیہونی کالونیوں کے پھیلاؤ اور توسیع کو کھلی جارحیت اور جرم قرار دیا اور اس کے نتائج کے بارے میں خبردار کیا۔
صیہونی حکومت نے غیر قانونی صیہونی کالونیوں کو توسیع دیتے ہوئے شمالی مقبوضہ بیت المقدس میں حنینا علاقے کی زمینوں پر زیرتعمیر بسغات زئیف کالونی میں مزید سات سو تیس صیہونی رہائشی مکانات کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تیئیس دسمبر دو ہزار سولہ کو قرارداد تیئیس چونتیس منظور کرکے صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مقبوضہ زمینوں پر کالونیاں بنانے کے حوالے سے تمام سرگرمیاں روک دے۔
تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے جنوب مشرقی بیت المقدس کی زمینوں پر ڈھائی ہزار رہائشی مکانات پر مشتمل ایک صیہونی کالونی تعمیر کرنے کے غاصب صیہونی حکومت کے اقدام کی مذمت کی ہے۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے مزید کہا کہ غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی زمینوں پر صیہونی کالونیوں کی تعمیر کھلی جارحیت ہے جو دنیا کی آنکھوں کے سامنے انجام پا رہی ہے۔
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما احمد المدلل نے بھی زور دے کر کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کو صیہونیت کا رنگ دینے کے لئے صیہونی حکومت کے جرائم میں شدت آگئی ہے اور اس کے ساتھ ہی اس شہر میں حقیقی نبرد و کشمکش بھی شروع ہوگئی ہے۔