Mar ۲۴, ۲۰۲۲ ۲۰:۱۴ Asia/Tehran
  • آئندہ پارلیمانی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے: عراقی کوارڈی نیٹر کمیٹی

عراق کی شیعہ سیاسی جماعتوں کی کوارڈی نیٹر کمیٹی نے صدر اور وزیراعظم کے انتخاب کے سلسلے میں صدرگروہ کے رویّے پر تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ جماعتیں صدر کے انتخاب کے لئے منعقد ہونے والےآئندہ پارلیمانی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گی۔

عراق کی شیعہ سیاسی جماعتوں کی کوارڈی نیٹر کمیٹی نے جمعرات کو اپنے اجلاس کے بعد بیان جاری کرکے موقف کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ کمیٹی ، صدر و وزیراعظم کا انتخاب کرنے کے سلسلے میں صدرگروہ کے اقدام کو محض تشہیراتی ہنگامہ سمجھتی ہے۔

عراقی شیعہ سیاسی جماعتوں کی کوارڈی نیٹر کمیٹی نے اس بیان میں عراق کی اکثریتی آبادی کے سب سے بڑے گروہ کے درمیان بڑا اور موثر شگاف پیدا ہونے کی بابت خبردار کیا اور مذاکرات جاری رہنے کا مطالبہ کیا۔ مذکورہ کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سیاسی عمل میں شامل تمام گروہوں سےمطالبہ کرتے ہیں کہ حب الوطنی کا مظاہرہ کریں، ملک کے مفادات کو مدنظر رکھیں اور جو چیز بھی ملک کے امن و استحکام میں خلل ڈالے اس سے دور رہیں، کیونکہ لوگوں پر رعب وحشت ڈالنے کے لئے پارلیمنٹ کا ایک ایسا اجلاس بلانا جس کا کوروم ہی پورا نہ ہوسکے، وہ عراق کے شیعہ مسلمانوں کے حقوق کی پامالی کے سوا کچھ نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ صدرگروہ نے عراق کو سیاسی تعطل سے نکالنے کے لئے شیعوں کی کوارڈی نیٹرکمیٹی کی تمام تجاویز کی مخالفت کرتے ہوئے عراق کے سنی سیاسی دھڑے اور کردوں کے ساتھ حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

 

ٹیگس