عراق میں داعش کی دہشتگردی، 4 افراد کے سر قلم کر دیئے
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ صوبہ نینوا میں دہشتگرد گروہ داعش نے 11 شہریوں کو اغوا کیا اور 4 افراد کے سرقلم کئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبے نینوا میں الحشد الشعبی کے آپریشنل کمانڈر "خضیر المطروحی" نے کہا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے 11 عراقی شہریوں کو اغوا کیا اور انہیں "عراق" کے صوبوں نینوا، الانبار اور صلاح الدین کے علاقے «جزیره الثرثار» میں لے گئے اور ان میں سے چار چرواہوں کے سر عراقی سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کرنے کے الزام میں قلم کر دیئے۔ جبکہ اغوا ہونے والے دیگر 7 افراد کی سرنوشت کا ابھی تک کوئی علم نہیں ہے۔
المطروحی نے کہا کہ الجزیره الثرثار تین صوبوں صلاح الدین، الانبار اور نینوا میں داعشی دہشت گردوں کا سب سے بڑا اڈہ ہے اور اس نیٹ ورک کو تباہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرکوک میں داعش کے دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں عراقی سیکورٹی فورسز کے 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ عراق نے دوہزار سترہ میں داعش کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کا اعلان کیا تھا تاہم بغداد ، صلاح الدین، دیالہ، کرکوک ، نینوا اور الانبار صوبوں میں اس کے باقیات اب بھی موجود ہیں ۔