حزب اللہ لبنان اور جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہوں کی ملاقات، اہم موضوعات پر گفتگو
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ نے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات کی ہے۔
المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیادہ نخالہ اور ان کے ہمراہ وفد نے بدھ کو حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقے میں جہادی کارروائی سے متعلق صورت حال اور حالیہ چند دنوں کے دوران ہونے والی شہادت پسندانہ کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
جہاد اسلامی فلسطین اور حزب اللہ لبنان کے سربراہوں نے اس ملاقات میں علاقائی و عالمی حالات کے تناظر میں علاقے کی صورت حال خاص طور سے مسئلہ فلسطین پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز مشرقی تل ابیب کے بنی براک علاقے میں ضیاء حمارشہ نامی فلسطینی نوجوان نے شہادت پسندانہ کارروائی کی جس میں کم سے کم پانچ صیہونی ہلاک اور چھے دیگر زخمی ہو گئے۔ میڈیا ذرائع نے اتوار کی رات بھی جنوبی حیفا کے شہر الخضیرہ میں دو فلسطینی نوجوانوں کی شہادت پسندانہ کارروائی کی خبر دی تھی جس مین کم سے کم دو صیہونی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے تھے۔