Apr ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۴ Asia/Tehran
  • اسرائیلی حملے میں 3 فلسطینی شہید

غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے خلاف اپنی وحشیگری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جنین میں مزید تین فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کردیا ہے۔ جبکہ صیہونی فوجیوں نے العیساویہ علاقے پر بھی حملہ کیا ہے۔

غاصب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر جنین کے قریب واقع غرابہ ٹاؤن میں تین فلسطینی نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں اٹھانے کی غرض سے فلسطینی ہلال احمر کی گاڑیوں کو جائے شہادت پر جانے سے بھی روک دیا۔

تل ابیب کے قریب بنی براک میں پچھلے دنوں ایک فلسطینی نوجوان کی جوابی شہادت پسندانہ کارروائی کے بعد صیہونی فوجیوں نے اپنی وحشیانہ کارروائیاں اور تیز کردی ہیں۔

اسی دوران اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے العیساویہ ٹاؤن پر بھی حملہ کیا ہے اور متعدد فلسطینیوں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ العیساویہ ٹاون پر حملے کے دوران غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینی شہریوں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں اور اسرائیلی فوجیوں کو شدید عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے پہلے فلسطینی ہلال احمر نے بتایا تھا کہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں منجملہ بیتا، بیت دجن، قریوت اور کفر قدوم پر غاصب صیہونیوں کے حملوں میں ایک سو تیس سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق، جنوبی نابلس کے بیتا قصبے اور اس کے مشرق میں واقع بیت دجن گاؤں پر صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کی احتجاجی ریلیوں پر حملہ کردیا ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کے گولے پھینکے اور مظاہرین کو ربر کی گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے۔

صیہونی پولیس نے اسی طرح شہر رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع دیر غسانہ گاؤں میں فلسطینیوں کو براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ادھر بیتا گاؤں میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی  ایک جھڑپ میں پچاس سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

غاصب صیہونی حکومت اپنے توسیع پسندانہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر آئے دن حملے کرتی رہتی ہے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہری شہید اور زخمی ہوجاتے ہیں یا پھر صیہونی فوجی انہیں اغوا کرکے اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔

دوسری جانب فلسطین کی استقامتی تنظیموں نے غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی تازہ جارحیت اور وحشیانہ اقدامات پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ استقامتی تنظیموں کے جاری کردہ بیانات میں، ہمہ گیر استقامت اور مزاحمت کو صیہونی دشمن کے جارحانہ اقدامات پر روک لگانے کا واحد آپشن قرار دیا ہے۔

ٹیگس