سرایا القدس کی جہاد اسلامی کے مجاہدین کے قتل کا انتقام لینے پر تاکید
جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی ونگ سرایا القدس نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں اس تحریک کے تین مجاہدین کے قتل کا انتقام لینے پر زور دیا ہے
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے تین مجاہدین کو سنیچر کی صبح جنوبی جنین کے عرابہ نامی علاقے میں شہید کردیا گیا تھا۔ اس واقعے میں دو صیہونی فوجی زخمی بھی ہوئے تھے۔
فارس نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی ونگ نے اتوار کو اعلان کیا کہ جنین میں اس تحریک کے تین مجاہدین کے قتل کا جواب اتنا ہی بڑا ہوگا جتنا بڑا یہ جرم ہے ۔
جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی شعبے سرایا القدس نے کہا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے اپنا خون دے کر کامیابی اورشہادت کا درجہ حاصل کیا ہے اورانھوں نے غاصب صیہونی فوج اور اس کے ہتھیاروں کے گوداموں کوکوئی اہمیت نہیں دی ۔
سرایا القدس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم فلسطین میں ہی رہیں گے تاکہ صیہونی حکومت کے ساتھ جنگ کی آگ کو شعلہ ور کئے رہیں ۔
تحریک جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ نے بھی کہا کہ استقامت کا راستہ ہم نے خود چنا ہے اورفلسطین کے بہادر اور حریت پسند عوام اس کے گرد جمع ہورہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ تحریک جہاد اسلامی، فلسطین کی مکمل آزادی تک استقامت کے راستے پر گامزن رہے گی ۔
فلسطینی شخصیات کا کہنا ہے کہ مقبوضہ سرزمینوں کے قلب میں فلسطینیوں کی شہادت پسندانہ کارروائیوں نے صیہونی حکومت کوحیران و پریشان کردیا ہے یہاں تک کہ اس نے کھلے عام فلسطینیوں کی ٹارگیٹ کلنگ شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ انتیس مارچ کو تل ابیب کے بنی براک نامی علاقے میں انجام پانے والی شہادت پسندانہ کارروائی میں پانچ صیہونی ہلاک ہوگئے تھے۔ ستائیس مارچ کو شہرالخضیرہ میں انجام پانے والی شہادت پسندانہ کارروائی میں بھی دو صیہونی ہلاک ہوئے تھے ۔ جبکہ بائیس مارچ کو بھی بیئرالسبع میں دوشہادت پسندانہ کارروائیوں میں چار انتہاپسند صیہونی ہلاک ہوئے تھے۔
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہمارے سامنے بڑا مرحلہ ہے اور فلسطینی مجاہدین غم کے دنوں کو عظمت و کامیابی میں تبدیل کردیں گے۔ جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ نے زوردے کرکہا کہ غرب اردن میں شمال سے جنوب تک عزم و شجاعت کا جو ماحول قائم ہے اس میں مجاہدین جنم لیتے ہیں اورشجاعت و بہادری اور ایثار و قربانی کی تاریخ رقم کرتے ہیں ۔
فلسطینی شخصیات کے بقول مقبوضہ فلسطین میں حالیہ استقامتی کارروائیوں سے صیہونی حکومت میں سراسیمگی پھیل گئی ہے یہاں تک کہ انھوں نے فلسطینیوں کی ٹارگیٹ کلنگ شروع کردی ہے ۔ صیہونی حکومت کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بیت المقدس میں پولیس کی تقویت کے لئے خصوصی سیکورٹی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔