افغانستان اور پاکستان کے درمیاں اختلافات بڑھے، حملے میں 20 بچے جاں بحق
اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف نے اطلاع دی ہے کہ افغانستان کے مشرق میں پاکستان کے فضائی حملوں میں 20 افغان بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
گزشتہ جمعے کی رات پاکستان کی فضائیہ نے افغانستان کے خوست اور کنر صوبوں میں بمباری کی تھی جس میں 50 کے قریب افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد ملک کے اندر اور باہر بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آئے تھے اور افغانستان کے خوست، ننگرہار اور قندھار صوبوں میں پاکستان مخالف مظاہروں کا آغاز ہو گیا تھا۔
کابل سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں یونیسیف کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ افغانستان کے مشرق میں خوست اور کنر صوبوں میں پاکستان کے حالیہ فضائی حملوں میں 20 افغان بچے جاں بحق ہوئے۔
افغانستان میں یونیسیف کے نمائندے نے کہا کہ پاکستان کے فضائی حملے کے دوران افغان بچے سو رہے تھے اور ہم سمجھتے ہیں کہ افغان بچوں کے خلاف وسیع پیمانے پر تشدد بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے تمام فریق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق شہریوں اور شہری تنصیبات نقصان پہنچانے سے باز رہیں اور بچوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔