Apr ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • مزاحمت و استقامت ہی صیہونی دہشتگردی سے مقابلے کا واحد راستہ ہے: فلسطینی تنطیمیں

غرب اردن اور بیت المقدس میں صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جبکہ صیہونی فوجیوں نے جنین شہر میں فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ صیہونی فوجیوں کے حملے میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

جنوب مغربی جنین کے برقین دیہات کے ایک فلسطینی نوجوان احمد مساد کو صیہونی فوجیوں نے براہ راست سر پر گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا. صیہونی فوجیوں نے جنین کیمپ پر حملہ کرکے متعدد فلسطینیوں کو زخمی اور کئی دیگر کو گرفتار کر لیا۔ فلسطین کے مرکز شماریات کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان تصادم کے ایک سو چھے اور فائرنگ کے تین واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور  دسیوں دیگر زخمی ہو گئے۔

اس درمیان تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی شہداء کا خون رائگاں نہیں جائے گا۔ تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے ایک بیان میں اٹھارہ سالہ فلسطینی نوجوان احمد محمد فتحی مساد کی شہادت کی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن نے ملت فلسطین کا قتل عام شروع کر دیا ہے اور دنیا کی آنکھوں کے سامنے وہ اپنے دہشتگردانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

جہاد اسلامی فلسطین نے عالمی برادری کی خاموشی کو فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونیوں کے جرائم کا ذمہ دار قرار دیا اور ایک بار پھر کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورت میں اپنی سرزمین اور فلسطین کے مقدس مقامات کو آزاد کرانے کے مقدس فریضے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے فلسطینیوں پر غاصب صیہونی انتہاپسندوں اور باوردی دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے میں تیزی لانے اور استقامت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے مسجد الاقصی میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی پولیس کے تشدد کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

اکثر فلسطینی استقامتی گروہوں نے غرب اردن میں صیہونیوں کے جرائم‏ پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اس سلسلے میں فلسطینی استقامتی گروہوں کا کہنا ہے کہ ہمہ گیر استقامت ہی صیہونی دشمن کے مقابلے میں واحد آپشن ہے۔ ان فلسطینی گروہوں کا کہنا ہے کہ مسلح جدوجہد سے ہی صیہونی حکومت کو مقبوضہ سرزمینوں میں فلسطینی شہریوں کے خلاف جرائم کو روکا جا سکتا ہے اور ہم اس آپشن سے ہرگز دست بردار نہیں ہوں گے۔

ٹیگس