مسجد نبوی (ص) میں پیش آئے واقعے میں چند پاکستانی گرفتار
سعودی سفارت خانہ کے میڈیا ڈائریکٹر نے تصدیق کی ہے کہ مسجد نبوی (ص) میں پیش آئے واقعے میں چند پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے میڈیا ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، چند افراد کو قوانین کی خلاف ورزی اور مقدس مقامات کی توہین کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کی رات پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے سلسلے میں مدینہ منورہ میں مسجد نبوی(ص) میں موجود پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے افراد کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔
تاہم گزشتہ روز مسجد نبوی (ص) میں اس وقت افسوسناک مناظر دیکھنے کو ملے تھے جب وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد وہاں پہنچا، سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز کے مطابق، مسجد میں موجود پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم کو دیکھتے ہی ’چور، چور‘ کے نعرے لگانا شروع کردیے۔
ایک اور ویڈیو میں زائرین کو وفاقی وزرا مریم اورنگزیب اور شاہ زین بگٹی کے خلاف بھی نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جہاں ان دونوں وزرا کو سعودی حفاظتی گارڈز نے گھیرے میں لے رکھا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کی دعوت پر اپنے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے ۔ ان کے ہمراہ دورے پر بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسمٰعیل، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چودھری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داور اور مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگرافراد بھی موجود تھے۔