فلسطینی نامہ نگار کی آخری رسومات پر حملہ
غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے فلسطینی نامہ نگار کی آخری رسومات پر حملہ کر کے ان رسومات کو ادا کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق، صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسپتال کے سامنے فلسطینی نامہ نگار شہید شیرین ابو عاقلہ کے جنازے کو جارحیت کا نشانہ بنایا اور اس میں شریک لوگوں کو زد وکوب کیا۔
فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس جارحیت میں کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔
صیہونی پولیس نے اسپتال کے تمام راستوں کو بھی بند کردیا اور وہ فلسطینی پرچم لہرانے اور شہید شیرین ابو عاقلہ کی تصویر اٹھانے اور ان کی حمایت میں نعرے لگائے جانے سے بھی روکتی رہی۔
دوسری جانب جنین کے کفردان علاقے میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک اور فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں 11 فلسطینی زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ فلسطینی نامہ نگار شیرین ابو عاقلہ کی شہادت کے بعد سے فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔