بائیڈن کے دورۂ مقبوضہ فلسطین کے خلاف مظاہرے
فلسطینی عوام نے غزہ میں مظاہرے کرکے واشنگٹن کو اسرائیلی جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا ہے۔
فلسطین میڈیا ایسوسی ایشن نے جمعرات کو غزہ میں ایک بڑا مظاہرہ کرکے بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الجزیرہ کی شہید رپورٹر شیرین ابوعاقلہ کے قتل کے حوالے سے واضح اور ٹھوس موقف اختیار کرتے ہوئے اسرائیل کو عالمی صحافتی حلقوں اور بین الاقوامی تنظیموں سے نکال باہر کریں۔
فلسطین میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر محمد ابوقمر نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت صحافیوں کے ساتھ جو بھی سلوک کر رہی ہے اس میں امریکہ برابر کا شریک ہے۔
فلسطینی تنظیموں نے بھی جو بائیڈن کے دورہ مقبوضہ فلسطین کی مذمت کرتے ہوئے الجزیزہ ٹیلی ویژن کی شہید رپورٹرشیرین ابوعاقلہ کے قتل کی منصفانہ تحقیقات کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب عوامی مزاحمتی کمیٹیوں کی جانب سے جاری کیے جانے والے مذمتی بیانات میں کہا گیا ہے کہ ایک بھی فلسطینی شہری امریکی صدر کے دورہ مقبوضہ فلسطین سے خوش نہیں ہے۔ بیانات میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام اور مجاہدین کو امریکی صدر کے دورے کی مخالفت میں تحریک مزاحمت و انتفاضہ تیز تر کردینا چاہیے۔
تحریک المجاہدین نے بھی ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ جو بائیڈن کے دورہ مقبوضہ فلسطین کے موقع پر بیت لحم کی شاہراہوں پر شہید شیرین ابو عاقلہ کی تصویروں والے بل بورڈ نصب کیے گئے ہیں جن پراس معاملے میں انصاف سے کام لینے کے مطالبات درج ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن بدھ تیرہ جولائی کو اپنے دورہ مغربی ایشیا کے آغاز میں غاصب صیہونی حکومت کے صدر مقام تل ابیب پہنچے۔