Jul ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۸:۰۵ Asia/Tehran
  • امریکی سینیٹروں نے شیرین ابوعاقلہ کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا

امریکی ایوان نمائندگان کے بعض ارکان نے فلسطینی صحافی شیرین ابو عاقلہ کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق امریکہ کی ڈیموکریٹ پارٹی میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان نے ایوان میں ایک بل پیش کیا ہے جس کا مقصد بائیڈن انتظامیہ کو فلسطینی امریکی صحافی شیرین ابوعاقلہ کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا پابند بنانا ہے۔

بائیڈن انتظامیہ اسرائیلی دباؤ کی وجہ سے اب تک فلسطینی امریکی صحافی شیرین ابوعاقلہ کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا وعدہ کرنے سے بھی گریز کرتی آئی ہے۔ ڈیموکریٹ رکن پارلیمنٹ آندرے کارسن نے شیرین ابوعاقلہ کے اہل خانہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے بجائے آزادی صحافت کے طور پر دیکھا جائے تاکہ ایک امریکی شہری کے قتل کے حقائق سامنے آسکیں۔

قابل ذکر ہے کہ شیرین ابوعاقلہ کے اہل خانہ نے منگل کے روز واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات میں اسرائیل کے مواخذے کا مطالبہ کیا تھا تاہم بلنکن نے اس بارے آزادانہ تحقیقات کرانے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ 

یاد رہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطینی امریکی صحافی شیرین ابوعاقلہ کو رواں سال مئی کے وسط میں اس وقت گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا جب وہ مغربی کنارے کے شہر جنین پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے کی کوریج کے لیے وہاں موجود تھیں۔

ٹیگس