May ۲۹, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۷ Asia/Tehran
  • صیہونی انتہا پسندوں کے فلیگ مارچ کے موقع پر حماس کا میزائل تجربہ

صیہونی ذرائع ابلاغ کی کل رات کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی استقامتی محاذ حماس نے صیہونی انتہا پسندوں کے فلیگ مارچ کے موقع پر میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

ارنا نے المیادین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حماس نے غزہ سے سمندر کی جانب 8 میزائل داغے۔ اس سے قبل بیت المقدس میں جوانوں کی عوامی تحریک نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے فلسطینیوں سے کہا تھا کہ اتوار کے روز اس شہر میں فلسطینیوں کا پرچم مارچ منعقد کریں۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، عبری ذرائع ابلاغ نے حالیہ دنوں میں فلیگ مارچ پر تل ابیب کی سیکورٹی اور فوجی الرٹ میں اضافے کی خبر دی ہے اور واشنگٹن نے اس ریلی کے انعقاد پر توجہ دینے اور نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی رپورٹوں کے مطابق صیہونی انتہا پسند فلیگ مارچ کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب اسرائیل مارچ کی سیکیورٹی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور پریڈ کے راستے پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

i24 نیوز ویب سائٹ کے مطابق، سینئر امریکی حکام نے پہلی بار اپنے اسرائیلی ہم منصبوں سے اتوار کو ہونے والے سالانہ "فلیگ" مارچ کے روٹ کا جائزہ لینے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ ان کو خدشہ ہے کہ اس مارچ سے کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔

گزشتہ روز، امریکی سفارت خانے نے عملے اور ان کے اہل خانہ کو ایک بیان جاری کیا جس میں ان پر زور دیا گیا کہ وہ اتوار یعنی فلیگ مارچ کے دن تک اولڈ ٹاؤن میں سفر کرنے سے گریز کریں۔ یہ مقبوضہ علاقوں میں رہنے والے امریکی شہریوں کے لیے بھی ایک انتباہ تھا جس میں انہیں موجودہ تناظر میں چوکس رہنے کی تاکید کی گئی۔

ٹیگس