سید حسن نصراللہ اور اسماعیل ہنیہ کی ملاقات
حزب اللہ لبنان کے رابطہ دفتر نے اعلان کیا ہے کہ بیروت میں حزب اللہ لبنان کے سیکیریٹری جنرل سید حسن نصراللہ اور فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
سما نیوز ویب سائٹ کے مطابق جمعرات کو بیروت میں ہونے والی اس ملاقات میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے مزاحمت کا عمل تیز تر کرنے، درپیش خطرات اور پیدا کئے جانے والے مسائل و مشکلات اور مذاکرات کے مواقع سے فائدہ اٹھائے جانےاور استقامتی اہداف کو پورا کئے جانے میں باہمی تعاون کے بارے میں گفتگو کی ۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ، اپنے دورہ بیروت میں لبنان کے صدر میشل عون، وزیراعظم نجیب میقاتی اور پارلیمانی اسپیکر نبیہ بری سے بھی الگ الگ ملاقات کریں گے۔
تحریک حماس کے وفد کا دورہ بیروت ایسے وقت میں انجام پا رہا ہے کہ جب علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کے بحری جہاز کی موجودگی اور متنازعہ علاقے سے اس غاصب حکومت کی جانب سے گیس نکالے جانے جیسے اقدامات کی بنا پر سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے اس سے قبل بدھ کو لبنان کے مفتی اعظم سے بھی ملاقات اور مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔