Jun ۲۴, ۲۰۲۲ ۲۲:۲۰ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کا انکشاف، شیرین ابو عاقلہ، صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہوئی

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ان کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ الجزیرہ ٹی وی چینل کی فلسطینی خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہوئیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام : موصولہ رپورٹ کے مطابق فلسطینی نژاد امریکی صحافی نے جیکٹ اور ہیلمٹ پہنا ہوا تھا جس پر 'پریس' لکھا ہوا تھا، وہ 11 مئی کو جنین شہر میں صیہونی فوجیوں کی کارروائی کی کوریج کرتے ہوئے شہید ہو گئی تھیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ترجمان روینا شمدسانی نے جنیوا میں رپورٹرز کو بتایا کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے آنے والی گولیوں سے شیرین ابو عاقلہ جاں بحق ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ باعث تشویش ہے کہ اسرائیلی حکام نے اس معاملے پر تحقیقات نہیں کیں، ہم نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر میں اس واقعے کی غیرجانب درانہ نگرانی کی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ شیرین ابو عاقلہ مسلح فلسطنیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئیں، تاہم اس کے برعکس جن گولیوں سے شیرین ابو عاقلہ جاں بحق اور ان کے ساتھی علی سمودی زخمی ہوئے تھے وہ اسرائیلی فوج نے چلائی تھی۔

روینا شمداسانی کا کہنا تھا کہ یہ معلومات اسرائیلی افواج اور فلسطینی اٹارنی جنرل کی جانب سے آئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ جہاں پر صحافی موجود تھے وہاں قریبی علاقے میں مسلح فلسطینی کارروائیاں کر رہے تھے۔

انسانی حقوق کی نگرانی کے مروجہ طریقہ کار کے تحت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر نے تصاویر، ویڈیو اور آڈیو میٹیریل کا جائزہ لینے کے ساتھ جائے وقوع کا دورہ کیا، ماہرین سے مشاورت کی، سرکاری کمیونیکیشن کا جائزہ اور گواہوں کے انٹرویوز بھی لیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 7 صحافی مغربی راستے سے جنین مہاجرین کیمپ میں 6 بجے کے بعد پہنچے۔

تقریبا ساڑھے 6 بجے 4 صحافیوں نے خاص گلی کی طرف رخ کیا، بظاہر نشانہ لے کر چلائی جانے والی گولیاں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آئیں۔

ایک گولی علی سمودی کے کندھے میں لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے جبکہ دوسری گولی شیرین ابو عاقلہ کے سر میں لگی جس سے وہ فوراً شہید ہوگئیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کی سربراہ مشیل بیچلیٹ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ شیرین ابو عاقلہ کے قتل کی تحقیقات شروع کرے اور اس کے ساتھ ساتھ غزہ  اور ویسٹ بینک میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ میں تمام مارے جانے والے افراد کی تحقیقات کرے۔

ٹیگس