افغانستان کی جانب سے ایران کی انساندوستانہ مدد کا شکریہ
افغانستان کی ہلال احمر سوسائٹی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی مدد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی ہلال احمر سوسائٹی کے نائب سربراہ ملا نورالدین ترابی نے صوبہ پکتیکا میں ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ زلزلے سے بھاری تباہی ہوئی ہے اور ہم اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ متاثرین کی مدد جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دے۔
ترابی نے کہا کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے دوسرے ممالک سے مدد پہنچنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ افغانستان کی ہلال احمر سوسائٹی کے عہدے دار نے زلزلے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں کہا کہ ابھی تک مرنے اور زخمی ہونے والوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں ہے جبکہ منگل سے افغانستان کے پندرہ صوبوں کے پچاس گروپ مرنے والوں، زخمیوں اور تباہ ہونے والے مکانوں کی صحیح تعداد کا پتہ لگانے کے لئے اپنا کام شروع کر رہے ہیں۔
اس ملاقات میں ایرانی امدادی وفد کے سربراہ سجادی نے ایران کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی مدد کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی، زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران، افغان زلزلہ متاثرین کے لئے اب تک کئی امدادی کھیپ روانہ کرچکا ہے۔ چند روز قبل افغانستان کے پکتیکا اور خوست صوبوں کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے میں پندرہ سو سے زیادہ افراد ہلاک اور دوہزار زخمی ہوئے ہیں۔