افغانستان کی سب سے پہلے مدد کس ملک نے کی؟
اسلامی جمہوریہ ایران، افغانستان میں زلزلہ زدگان کی مدد کرنے والا پہلا ملک ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: طالبان حکومت کی آفات و بحران سے نمٹنے کی وزارت کے سربراہ نے کہا کہ افغانستان میں زلزلے کے بعد طالبان نے پڑوسی ممالک اور عالمی برادری سے رابطہ کیا تاکہ زلزلہ زدہ علاقوں میں فوری امداد بھیجی جا سکے۔
غلام غوث ناصری نے منگل کے روز کابل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان پڑوسی ممالک میں پہلا ملک ہے جنہوں نے افغانستان میں زلزلہ زدگان کے لیے امداد بھیجنے کے لیے اقدام کیا۔
گزشتہ بدھ کے روز جنوب مشرقی افغانستان کے پکتیکا اور خوست صوبوں میں 6.1 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا کر رکھ تھی جس میں سیکڑوں افغان ہلاک اور زخمی ہوئے۔
ناصری نے مزید کہا کہ زلزلہ زدہ علاقوں میں تباہی کی شدت بہت وسیع ہے اور شروعات میں افغان عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا گیا اور اب جو چیز اہم ہے وہ مستقل پناہ گاہ ہے اور عالمی برادری کی اس سلسلے میں ذمہ داری ہے۔
طالبان عہدیدار نے واضح کیا کہ آئندہ چند مہینوں میں سردی کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی زلزلہ زدہ علاقوں میں افغان عوام خیموں میں نہیں رہ سکتے اور ایسے حالات میں انسانی امداد پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے تاہم مغرب نے اس معاملے کو سیاسی رنگ دے دیا ہے۔
غلام غوث ناصری نے زور دے کر کہا کہ اگر مغرب انسانی حقوق کا حامی ہونے کا دعویٰ کرتا ہے تو افغانستان میں انسانیت متاثر ہوئی ہے اور اسے مدد کی ضرورت ہے لیکن اگر مغرب مدد نہیں کرتا تو کم از کم افغان عوام کی روکے ہوئے اثاثے جو کہ 9 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، آزاد کرے۔