حکومت کی بنیادی تنصیبات پر سائبر حملے ہوئے: صیہونی وزیر اعظم کا اعتراف
صیہونی وزیر اعظم نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل کی بنیادی تنصیبات پر سائبر حملے ہوئے ہیں ۔
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نفتالی بینٹ نے تل ابیب یونیورسٹی میں ایک سیمینار کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ اس حکومت کی بنیادی تنصیبات پر سائبر حملے ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومتی حکام سے اس قسم کے حملوں کی روک تھام کیلئے ضروری کارروائی کرنے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران اسرائیل کی بنیادی تنصیبات پر مختلف گروہوں کے سائبر حملے اور اس کی بنیادی اطلاعات تک رسائی نے اس حکومت کی سائبر سکیورٹی کے دعوے کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔
اب تک کئی بار صیہونی حکومت کے سرور اور اس کی ویب سائٹوں کو عراق سے سائبر حملے کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ اس سے قبل عراق کی الطاہرہ نامی سائبر ٹیم جاں نثاران ابومہدی المہندس کے نعرے کے ساتھ صیہونی حکومت کے نقل و حمل کے نظام کو وسیع حملوں کا نشانہ بنا چکی ہے جس سے صیہونی حکومت کی سب سے بڑی نقل و حمل کمپنی کا پورا نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا تھا۔