Jul ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۷ Asia/Tehran
  • فلسطین کے سلسلے میں عراق کا موقف اپنی جگہ قائم ہے: الکاظمی

فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کے سلسلے میں بغداد کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ یہ بات عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں کہی۔

عراقی ذرائع کے مطابق مصطفیٰ الکاظمی نے اس گفتگو میں عید الاضحیٰ کی آمد پر فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کی اور عراق اور فلسطین کے دیرینہ اور گہرے تاریخی و اجتماعی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات پر زور دیا۔

عراقی وزیر اعظم نے فلسطین کے سلسلے میں بغداد کے موقف کا اعادہ کیا اور عراقی و فلسطینی عوام کے ساتھ ساتھ تمام علاقائی اقوام کے لئے امن چین اور رفاہ و آسائش کی تمنا کی۔

قابل ذکر ہے کہ چھبیس مئی کو عراقی پارلیمنٹ میں بھاری اکثریت کے ساتھ ایک قرارداد منظور کی جا چکی ہے جس کے تحت صیہونی حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات کو جرم قرار دے دیا گیا ہے۔ اس قرارداد کی منظوری کے بعد عراقی پارلیمنٹ کے اراکین نے "لا للاسرائیل" کے نعرے بھی لگائے۔

ٹیگس