Jul ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۰۱ Asia/Tehran
  • سیاسی گروہ اپنے اختلافات ختم کریں، حیدر العبادی

عراق کے سابق وزیراعظم اور نصر الائنس کے سربراہ حیدر العبادی نے تمام عراقی سیاسی جماعتوں اور گروہوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے اختلافات ختم کریں۔ اور حکومت سازی کی جانب قدم آگے بڑھائیں ۔

عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے سابق وزیراعظم اور نصر الائنس کے سربراہ حیدر العبادی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عراق سے قوم پرستی ختم نہیں ہو سکتی اور ان کا ملک تمام جنگوں میں کامیاب ہوگا اور ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا، تمام عراقی سیاسی جماعتوں اور گروہوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے اختلافات ختم کریں اور حکومت سازی کی جانب قدم آگے بڑھائیں ۔
انھوں نے عراقیوں میں قوم پرستی اور وطن پرستی کے جذبے  کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے عراق دہشت گردی کے مقابلے میں کامیاب ہوا ہے، اسی طرح اتحاد و یکجہتی، تشخص اور مستقبل کے لئے درپیش تمام بحرانوں میں بھی کامیاب ہوگا اور ہر مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔
حیدر العبادی نے تمام سیاسی گروہوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی خاطر اپنے اختلافات ختم کر دیں اورعراقی قوم میں امید پیدا کریں اس لئے کہ بقول ان کے حقیقی رہبر و رہنما وہی ہے جو اپنے مفادات کو نہ دیکھے بلکہ قومی مفادات کو اہمیت دے۔
دوسری جانب الفتح الائنس کے سربراہ ہادی العامری نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں راستے کھلیں گے اور مسائل و مشکلات کا خاتمہ ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں حقیقی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا جائے گا اور تمام مراحل عبور کر کے ایسے مخلص عوامل اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے عراقی عوام کی خدمت کے لئے آگے بڑھیں گے جو مخلص ہونے کے ساتھ عراقی عوام کے ہمدرد بھی ہیں۔
عراق کو ان دنوں نئی حکومت کی تشکیل کے تعلق سے شدید سیاسی اختلافات کا سامنا ہے اور پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے باوجود صدر دھڑا حکومت تشکیل دینے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔
آئندہ حکومت کی تشکیل کے طریقہ کار کے بارے میں عراق کی سیاسی جماعتوں اور گروہوں میں اب بھی سیاسی اختلافات جاری ہیں اور اگرچہ آئندہ حکومت کی تشکیل کے بارے میں مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی مفاہمت نہیں ہو سکی ہے۔
اس درمیان عصائـب اہل الحق کے سربراہ قیس الخز علی نے اعلان کیا ہے کہ عراق کے صدر کے انتخاب میں کرد جماعتوں میں شدید اختلاف پایاجاتا ہے۔
انھوں نے عراق کی آئندہ حکومت کی تشکیل کے بارے میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے صدر دھڑے کے نکل جانے سے حکومت کی تشکیل میں تاخیر ضرور ہو رہی ہے تاہم حکومت کی تشکیل کا بہترین موقع بھی فراہم ہوا ہے اور تمام جماعتوں کو چاہئے کہ فراہم ہونے والے موقع سے فائدہ اٹھائیں اور حکومت تشکیل دینے کے لئے فوری طور پر اجلاس تشکیل دیں۔ 

ٹیگس