Jul ۳۰, ۲۰۲۲ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • عراقی پارلیمنٹ مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے خلاف

صدر تحریک کے سربراہ مقتدی صدر کے حامی ہفتے کے روز بھی بغداد کے گرین زون کے بیریئر کو توڑتے ہوئے ایک بار پھر پارلیمان میں داخل ہوگئے۔

عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق، عراق کے نائب اسپیکر شاخوان عبداللہ احمد نے زور دیکر کہا ہے کہ پارلیمان میں داخل ہونے والے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال  نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کو آزادی کے ساتھ اپنا موقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا چاہئے۔ 

عراق کے نائب اسپیکر نے مقتدی صدر کے حامیوں سے بھی اپیل کی کہ مظاہروں کو پرامن رکھتے ہوئے، ریاستی اداروں کی عمارتوں پر قبضہ کرنے سے گریز کریں۔   عراق کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے بھی پارلیمنٹ میں زبردستی داخل ہونے والے مظاہرین سے احتجاج کو  پرامن طریقے سے آگے بڑھانے کی اپیل کی ہے۔ 

قابل ذکر ہے کہ مقتدی صدر کے حامیوں نے گذشتہ بدھ کو بھی پارلیمنٹ پر دھاوا بول دیا تھا۔ مقتدی صدر کے حامی  مظاہرین، محمد شیاع السودانی کا نام وزارت عظمیٰ کے لئے پیش کئے جانے  کے سخت مخالف ہیں۔  

دریں اثنا عراق میں اقوام متحدہ کے دفتر نے بھی  مظاہرین سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ خونریزی اور تشدد سے پرہیز کے لئے عقل مندی سے کام لینے کی ضرورت ہے۔   اقوام متحدہ نے عراق میں حالات کی کشیدگی پر تشویش بھی ظاہر کی اور تمام فریقوں سے عراق کے مفادات کے تحفظ کے لئے کشیدگی بڑھانے والے ہر قسم کے اقدام سے پرہیز کی اپیل بھی کی۔

ٹیگس