Jul ۳۰, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۹ Asia/Tehran
  • عالمی بینک پر امریکی دباؤ، لبنان کی مدد روکنے کی کوشش

شام کے وزیر پیٹرولیم نے کہا ہے کہ امریکا عالمی بینک پر لبنان کی مالی امداد روکنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: بسام طامع نے واضح کیا ہے کہ ہم شام کے راستے لبنان تک مصری گیس پائپ لائن کے حوالے سے تعاون کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس گیس پائپ لائن کو روکنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔

شام کے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ میں نے لبنان کے وزیر توانائی ولید فیاض سے اس بارے میں متعدد بار بات کی ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ صدر بشار اسد کے مطابق وہ اس کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔

بسام طامع نے کہا کہ اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ امریکہ مصر کی گیس پائپ لائن کو شام کے راستے لبنان تک دباؤ کے حربے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے عالمی بینک کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں اردن، شام، لبنان اور مصر کے وزرائے پیٹرولیم کے اجلاس میں شام سے لبنان تک مصری گیس پائپ لائن پر عمل در آمد پر بات چیت کی گئی تھی۔ اتفاق رائے ہونے کے بعد بتایا گیا کہ اس کا بنیادی ہدف لبنان کے بجلی کے بحران کو حل کرنا ہے۔

لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نے اپنی متعدد تقریروں میں لبنان کو بجلی اور گیس کی فراہمی کے لیے امریکہ کی کوششوں کا حوالہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ امریکی دعوے ہیں جو حقیقت سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لبنانی عوام اور حزب اللہ پر دباؤ ڈالنے کی امریکی چال ہے۔

ٹیگس