مغربی ایشیا میں جنگ کا دائرہ وسیع ہو جائیگا: امریکہ
امریکی وزارت خزانہ نے مغربی ایشیا میں جنگ کا دائرہ وسیع ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کا دائرہ وسیع تر ہونے کی صورت میں عالمی معیشت پر خاصے اثرات مرتب ہوں گے۔
سحر نیوز/ دنیا: غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جنگ کے آغاز سے ہی عالمی اقتصادی رہنماؤں نے جنگ غزہ سے عالمی معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات و نتائج پر سخت خبـردار کیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ نے سی این بی سی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں اگر جنگ کا دائرہ مزید پھیلتا ہے تو عالمی اقتصادی مسائل اور زیادہ بڑھیں گے۔اس سے قبل انھوں نے غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے اور جارحیت کا آغاز ہونے پر کہا تھا کہ جنگ غزہ سے عالمی معیشت کے لئے سنجیدہ خطرہ پیدا ہو گيا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ کا یہ بیان بین الاقوامی مالیاتی اداروں منجملہ عالمی مالیاتی فنڈ،عالمی بینک، یورپی سینٹرل بینک اور دیگر مالی اداروں کے حکام کے نظریات سے ملتا جلتا ہے جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اور فلسطین کی اسلامی استقامت کے مجاہدین کے درمیان جنگ، کمزور عالمی معیشت کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے جبکہ یہ عالمی معیشت کورونا، جنگ یوکرین، افراط زر اور دیگر مختلف بحرانوں سےابھی ابھر بھی نہیں پائی ہے۔