عراق میں مظاہروں اور دھرنوں سے صورتحال بحرانی، عام تعطیل کا اعلان
عراق میں ہونے والے مظاہروں اور دھرنوں کے بعد حکومت نے حالات کو معمول پر لانے کیلئے آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
السموریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم ہاوس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک میں عام تعطیل ہے تاہم 50 فیصد طبی مراکز اور سکیورٹی ادارے کھلے رہیں گے۔ ہر چند کہ عام تعطیل کی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق کی حکومت نے بغداد کے گرین زون میں ہونے والے مظاہروں اور دھرنوں کی وجہ سے یہ اعلان کیا ہے۔
صدر تحریک کے سربراہ مقتدی صدر کے حامی ہفتے کے روز بھی بغداد کے گرین زون کے بیریئر کو توڑتے ہوئے ایک بار پھر پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل ہو گئے تھے۔ مظاہرین محمد شیاع السودانی کی وزارت عظمی کیلئے نامزدگی کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔
عراق کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے بھی پارلیمنٹ میں زبردستی داخل ہونے والے مظاہرین سے احتجاج کو پرامن طریقے سے آگے بڑھانے کی اپیل کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مقتدی صدر کے حامیوں نے گذشتہ بدھ کو بھی پارلیمنٹ پر دھاوا بول دیا تھا۔