Aug ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  •   غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کی چیک پوسٹ پر فلسطینیوں کا حملہ

پریس ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے جوانوں نے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں غرب اردن کے شمال میں صیہونی فوجیوں کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔

فلسطینیوں کی جانب سے صیہونی جارحیت کے جواب میں تازہ کارروائی غرب اردن کے شہر نابلس کے جنوب میں واقع حوارہ چیک پوسٹ پر ہوئی اور اس  میںصیہونی چیک پوسٹ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گيا۔ البتہ اس فائرنگ میں غاصب صیہونی فوجیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
یہ حملہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غیر قانونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر دھاوا بول کر بائیس فلسطینیوں کو زخمی کر دیا تھا۔ 

فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کا کہنا ہے کہ پچہتر فلسطینیوں کی، آنسو گیس کے شیل داغے جانے کے باعث حالت بگڑ گئی ہے۔
گذشتہ چند مہینوں کے دوران غاصب صیہونی افواج کے مظالم اور بربریت میں شدت پیدا ہوگئی ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کو اپنے مسلمّہ حقوق کے لئے احتجاج سے باز رکھنا ہے۔
مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی شہریوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے دشمنانہ اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجی آئے دن فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے یا پھر ان فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے جس کے جواب میں فلسطینیوں کی جانب سے بھی کارروائیاں انجاتم پاتی ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں سے پندرہ فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا جبکہ جنین کیمپ میں ہونے والی جھڑپ میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا ۔
صیہونی بستیوں کی تعمیر کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرنے والی فلسطینیوں کی کمیٹی نے بھی کہا ہے کہ صیہونی حکام، صیہونی فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں نے صرف جولائی کے مہینے میں فلسطینیوں کے خلاف پانچ سو چورانوے بار جارحیت کا ارتکاب کیا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تئیس دسمبر دو ہزار سولہ کو قرارداد تئیس چونتیس پاس کر کے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔

ٹیگس