Sep ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • متاثرین سیلاب کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاکستانی وزیر اعظم

اقوام متحدہ میں پاکستان کی موسمیاتی مؤقف کی گونج، پاکستان کے وزیر اعظم کی سیلاب متاثرین کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے دوچار پاکستانی عوام کی آواز عالمی برادری تک پہنچائی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک قدرتی آفات کا مسلسل نشانہ بن رہے ہیں، جن کی بنیادی وجہ موسمیاتی بے ترتیبی ہے۔

خطاب کے فوراً بعد شہباز شریف نے ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال اور بحالی کے اقدامات کا ویڈیو لنک کے ذریعے جائزہ لیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال کو امدادی کارروائیوں کی سخت نگرانی اور باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی۔

انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبائی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے تخمینے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ فصلوں اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ جلد از جلد لگایا جائے تاکہ بحالی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی ممکن ہو۔

موٹروے ایم 5 کے دریائے ستلج سے متاثرہ حصے کی فوری بحالی کے لیے این ایچ اے کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جلال پور پیر والا کے مقام پر پڑنے والے شگاف کی مرمت کے لیے سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کو موقع پر پہنچ کر جائزہ لینے کا حکم دیا گیا۔

شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی، اور فصلوں کی کاشت کے لیے بھی خصوصی منصوبہ بندی پر زور دیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک تقریباً ساڑھے تین لاکھ متاثرہ افراد امدادی کیمپس سے واپس اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

ٹیگس