Aug ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۳ Asia/Tehran
  • غزہ پر تازہ صیہونی جارحیت کی عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جاری

اسلامی جمہوریہ ایران سمیت بہت سے ملکوں اورعالمی تنظیموں نے غزہ پر صیہونی حکومت کی تازہ فضائی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی تازہ وحشیانہ جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کو صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملوں کے مقابلے میں اپنے دفاع کا پوار حق حاصل ہے۔  

انھوں نے کہا ہے کہ غزہ کے خلاف تازہ جارحیت نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ اس خطے میں بدامنی کی جڑ غاصب صیہونی حکومت ہے ۔

 انھوں نے سبھی ملکوں اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع میں اپنی قانونی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داریوں پر عمل کریں اور صیہونیوں کے تازہ وحشیانہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اس کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائیں۔  

  ترکی کی حکومت نے بھی اس وحشیانہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں اور بچوں کا قتل عام کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔

المیادین کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے بھی  ایک بیان جاری کرکے غزہ پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جارحیت کے نتائج کی پوری ذمہ داری تل ابیب پر عائد ہوتی ہے۔

 عرب لیگ نے بھی صیہونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس وحشیانہ بمباری کے نتائج کے ذمہ دار غاصب صیہونی ہیں ۔

 اردن کی وزارت خارجہ نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع میں فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

 قطر کی وزارت خارجہ نے صیہونی حکومت کے حملوں  کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ صیہونی جارحیت رکوانے کے لئے فوری طور پر ضروری اقدام کیا جائے

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے ایک بیان جاری کرکے  صیہونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینی عوام اور مزاحمتی فلسطینی تنظیموں کے جوابی اقدام کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔  

 عراقی حزب اللہ اور عصائب  اہل الحق سمیت عراق کی مزاحمتی تنظیموں نے بھی ایک بیان جاری کرکے غاصب صیہونی  حکومت کی جارحیت اور سازشوں کے مقابلے میں فلسطینی عوام اورتحریک مزاحمت کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

 حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرکے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے  کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم فلسطینی قوم کے عزائم کو ہرگز کمزور نہیں کرسکتے ۔ حزب اللہ لبنان کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت سے اپنے وطن کی مکمل آزادی کے لئے فلسطینی عوام کے ‏عزائم  زیادہ مضبوط ہوں گے۔

 غاصب صیہونی حکومت نے جمعے کی شام غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ۔ اس بمباری میں ایک پانچ سالہ کمسن بچے سمیت دس  افراد شہید اور اسّی سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔ زخمی ہونے والوں میں جہاد اسلامی فلسطین کے ایک رہنما بھی شامل ہیں۔ بعض رپورٹوں میں غزہ پر صیہونی فوج کی تازہ فضائی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد پندہ بتائی گئی ہے۔

  رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ فلسسطینی گروہوں نے غاصب صیہونی حکومت کی اس وحشیانہ جارحیت کے جواب میں تل ابیب سمیت مقبوضہ فلسطین پر میزائلی حملوں کا آغاز کردیا ہے۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سنیچر کی صبح تک  تل ابیب اور ناجائز صیہونی بستیوں پرڈیڑھ  سو سے زآئد راکٹ داغے جا چکے تھے۔  

صیہونی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم فلسطینیوں کے راکٹوں کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔

فلسطینی مجاہدین کے جوابی حملوں کے بعد تل ابیب میں وحشت پھیل گئی ہے اور لوگوں کو پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

 

ٹیگس