بحرین میں نمائشی انتخابات، عوام سے بائیکاٹ کی اپیل
بحرین کے الوفا الاسلامی دھڑے نے بحرینی عوام سے اس ملک کی آل خلیفہ حکومت کی جانب سے منعقد کئے جانے والے نمائشی انتخابات کا بائیکاٹ کئے جانے کی اپیل کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے وفا اسلامی دھڑے نے ایک بیان میں ملک کے انتخابات کو نمائشی قرار دیتے ہوئے عوام سے اُس کے بائیکاٹ کی اپیل کی اور کہا یہ طریقہ اس ملک میں استبدادی حکومت کے مقابلے میں استقامت کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرین کی پارلیمنٹ نے گذشتہ دو عشروں کے دوران بحرینی قوم کا کوئی بھی مطالبہ پورا نہیں کیا ہے، اس دوران بحرینی عوام کو سیاسی، اقتصادی، اور سماجی سمیت تمام شعبوں میں پسماندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بحرین میں پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت ہر شعبے میں آل خلیفہ حکومت کے آلۂ کار کی حیثیت سے کام کرتا ہے۔
بحرین میں اکتوبر میں نمائشی انتخابات ہونے والے ہیں۔
بحرین کی آل خلیفہ حکومت اپنے مخالین کی سرکوبی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انہیں جیلوں میں بند اور ان کی ایذا رسانی میں مصروف ہے جبکہ حکومتی مخالفین حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف اور اپنے ملک میں جمہوری نظام حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اسی مطالبے کو لے کر وہ پرامن مظاہرے بھی کر رہے ہیں جس پر آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکار مظاہرین کو جیلوں میں قید کر کے بہیمانہ جسمانی ایذاؤں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے انسانی حقوق کی وسیع خلاف ورزی اور عوام کے مسلمہ قانونی مطالبات نظرانداز کرنے کے ساتھ، بحرین کو انسانی حقوق کی وسیع خلاف ورزی کے ایک مرکز میں تبدیل کر دیا ہے۔