Sep ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  • شام ساری دنیا کی طرف سے دہشتگردی سے لڑ رہا ہے: فیصل مقداد

شام کی حکومت کا کہنا ہے کہ اُن کا ملک ساری دنیا کی نمائندگی میں دہشتگردوں سے لڑ رہا ہے جس کے سبب اُسے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

 شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے ایک عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک پوری دنیا کی نمائندگی کرتے ہوئے، عالمی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے جس کی نتیجے میں اسے بھاری جانی اور مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے متاثرینِ دہشت گردی کانفرنس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے شام کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے متاثرہ افراد کی امداد کے عالمی پروگرام کے باوجود، نہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی حمایت کی گئی اور نہ ہی دہشت گردی سے متأثر ہونے والے خاندانوں کو کسی طرح کی مدد فراہم کی گئی، بلکہ اس کے برخلاف پوری شامی قوم کو اقتصادی محاصرے میں لے لیا گیا۔ 
شامی وزیر خارجہ فیصل مقداد نے کہا کہ انکے ملک کو داعش، نصرہ فرنٹ، القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی جانب سے انتہائی خطرناک دہشت گردی کا سامنا رہا اور اُسے اس کی خاطر لاکھوں بے گناہوں کی قربانی دینا پڑی ہے۔  

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک آج اپنے قومی وسائل اور پروگراموں کو فعال کرنے کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بھی راستہ فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران ختم ہوگئی تھی۔ فیصل مقداد نے کہا کہ اب دہشت گردوں کو شکست دینے کے  بعد شامی حکومت اپنے شہریوں اور خاص طور پر دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کے اہل خانہ کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کی تگ و دو کر رہی ہے۔

ٹیگس