بڑی جنگ کی تیاری میں حزب اللہ، ٹارگٹ ہوا لاک، نصر اللہ کا کھلا پیغام
حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اربعین ملین مارچ در حقیقت کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے سنیچر کے روز بعلبک مین امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے وہاں منعقد اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اربعین مارچ کی عظمت، اس کی وسعت اور اس کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے صرف یہ ہی کہا جا سکتا ہے کہ یہ اللہ کے معجزے سے کم نہيں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو اربعین کے پیغامات کو یاد رکھنا چاہئے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ یزید کے دربار میں امام زین العابدین علیہ السلام اور حضرت زینب کے سلوک نے یہ ظاہر کر دیا کہ مشکلیں چاہے کتنی ہی کیوں نہ ہو، ان کے سامنے نا امید نہيں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ہر حالت میں انسان کو اللہ کے وعدے پر پورا اعتماد کرنا چاہئے۔
حزب اللہ کے سکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عراق میں جاری اربعین مارچ میں موجود کروڑوں لوگ در حقیقت کروڑوں دل ہیں جو امام حسین علیہ السلام کی محبت اور عشق میں وہاں موجود ہیں۔
حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ ہمارے میزائلوں نے کاریش گیس فیلڈ کے ٹارگٹ کو لاک کر لیا ہے اور دشمن جانتا ہے کہ ہم سنجیدہ ہیں۔
حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے اربعین امام حسین (ع) کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ مزاحمتی تحریک کبھی بھی لبنان کے حقوق سے سمجھوتہ نہیں کرے گی اور صیہونی حکومت کو کاریش گیس فیلڈ سے گیس نکالنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے "کاریش" گیس فیلڈ اور صیہونی حکومت کی طرف سے لبنان کے علاقائی پانیوں میں گھسنے کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حقوق کی بازیابی کا واحد راستہ مزاحمت ہے اور یہ مقصد بھیک مانگ کر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے تمام مزاحمتی قوتوں کو متحد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لبنانیوں، فلسطینیوں اور شامیوں کی اپنی زمین، تیل، گیس اور عزت کے حصول کی واحد امید مزاحمت ہے۔
بحری سرحدوں کی وضاحت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ لبنان کو اپنے وسائل کو سمندر میں جمع کرکے اقتصادی، معاشی اور بنیادی بحرانوں کو ختم کرنے کا سنہری موقع ہے۔