Sep ۱۹, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۶ Asia/Tehran
  • الحشد الشعبی ۔ (فائل فوٹو)
    الحشد الشعبی ۔ (فائل فوٹو)

عراق کی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے شمالی عراق کے علاقے جنوبی موصل میں فوجی آپریشن کے دوران 7 داعشی دہشت گردوں کوہلاک کردیا ۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق الحشد الشعبی کے 44 ویں بریگیڈ اور داعشی عناصر کے درمیان الحجر جزیرے کے علاقے میں لڑائی کے دوران سات داعشی دہشت گرد مارے گئے، یہ علاقہ عراق کے شمال میں واقع ہے۔

عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ایک کمانڈر احمد آل تمیمی نے بتایا کہ داعش اربعین کے دوران ہر قسم کی دہشتگردانہ کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔

اس فوجی کمانڈر نے بتایا کہ دیالیٰ کا صوبہ سیکورٹی پلان کے مطابق بہت اہمیت کا حامل تھا کیوں کہ یہ المنظریہ بارڈر کے پاس ہے اور یہاں سے 220000 زائرین کو اربعین واک میں شرکت کے لئے گزرنا تھا۔

رپورٹ کے مطابق حشد کے کمانڈر نے مزید کہا کہ دیالیٰ سے 150000 زائرین کربلا پہنچے ہیں اور اس دوران الحشد الشعبی نے دہشت گردوں کو پانچ مختلف مواقع پر کاری ضربیں لگائی ہیں اور ان آپریشنز کے دوران  داعشی دہشت گردوں کے 6 اسلحہ ڈپو اور بارودی مواد کے گودام قبضے میں لئے گئے۔

یاد رہے کہ عراق میں داعش کا خاتمہ ہونے کے باوجود اس دہشتگرد گروہ کے بقیہ عناصر ابھی تک بغداد کے کچھ علاقوں، دیالیٰ، نینوا، صلاح الدین، کرکوک اور انبار میں موجود ہیں۔

 

ٹیگس