Sep ۲۵, ۲۰۲۲ ۰۸:۲۰ Asia/Tehran
  • رحلت رسولۖ اسلام اور شہادت امام حسن (‏‏ع) پر عالم اسلام سوگوار و عزادار

عالم اسلام رحلت رسولۖ اسلام اور شہادت امام حسن (‏‏ع) پر سوگوار و عزادار ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں رسول خدا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ  علیہ و آلہ و سلم کی رحلت جانگداز اور نواسۂ رسول حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور ملک بھر کی مساجد و امام بارگاہوں اور مقامات مقدسہ میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔ بعض شہروں میں جلوس ہائے عزا بھی برآمد کیے جا رہے ہیں جن میں عزادارون کی بڑی تعداد شریک ہیں۔

حضرت رسولۖ و نواسہ رسول (ع) کی رحلت و شہادت کے موقع پر مجالس عزا کا سب سے بڑا اجتماع مشہد مقدس میں بارگاہ حضرت علی ابن موسی الرضا میں منعقد کیا جا رہا ہے جہاں اب تک ایران اور دنیا بھر سے تیس لاکھ سے زائد زائرین کے آنے کی خبر ہے اور روضۂ رضوی کے تمام صحن اور راہداریاں عقیدت مندوں اور سوگواروں سے مملو ہیں۔ ارد گرد کی تمام شاہراہوں پر لوگ ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ رضوی کی جانب رواں دواں ہیں اور آپ کو آپ کے جد بزرگوار کا پرسہ دے رے ہیں۔

قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے میں بھی ہزاروں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی زائرین جمع ہیں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے- قم المقدسہ کے بعض علاقوں سے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی برآمد کیے جا رہے ہیں جو بارگاہ حضرت معصومہ (س) پہنچ کر اختتام پذیر ہورہے ہیں-

دارالحکومت تہران میں حضرت عبدالعظیم حسنی اور امامزادہ صالح علیہ السلام کا روضہ بھی زائرین سے بھرا ہوا ہے اور علمائے کرام فضائل و مناقب اہلبیت اطہار علیھم السلام بیان کر رہے ہیں ۔ تہران کی مساجد اور امام بارگاہوں اور  امام زادوں کے روضوں میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں جہاں عزادار، رسول اور آل رسول (ع) کی مصیبتوں کو یاد کرکے اشک غم بہا رہے ہیں۔

شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضے میں بھی مجالس کا سلسلہ جاری ہے اور شہر اور اس کے اطراف سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے آپ کو آپ کے جد بزرگوار کا پرسہ دے رہی ہے۔

ہفتہ کی شام سے شروع ہونے والا عزاداری کا یہ سلسلہ ماہ صفر کے اختتام یعنی آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت تک جاری رہے گا۔ عراق، شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان اور دنیا کے دیگر شہروں میں بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسولۖ حضرت امام حسن علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے مجالس غم اور جلوس ہائے عزا برآمد کئے جا رہے ہیں ۔

ٹیگس