Oct ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۱ Asia/Tehran
  • فلسطینی تنظیموں کا اسرائیل کو سخت انتباہ

فلسطینی تنظیموں نے، صیہونی فوج کے سربراہ کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی فوجی بکتر بند گاڑیوں میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

جنین کیمپ میں شہدائے استقامت کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے استقامتی گروہوں کی فوجی شاخوں کے ترجمان نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر فلسطینی مجاہدین اور کمانڈروں کودہشت گردی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو اسرائیل کو بھرپور جنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مذکورہ ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسقامتی محاذ ، شہدا کی راہ پر گامزن ہے اور غاصبوں کی پسپائی تک ہماری جد وجہد جاری رہے گی۔
اسرائیلی اخبار یدیعوت احارونوت نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ، صیہونی فوج کے سربراہ آویو کوخاوی نے تحریک جہاد اسلامی، فتح تحریک کے فوجی بازو، شہدائےالاقصی بریگیڈ کے اعلی عہدیداروں پر حملے کی منظوری دے دی ہے۔ 
اخبارکا کہنا ہے کہ یہ حملے ممکنہ طور پر لڑاکا طیاروں کے ذریعے کئے جائیں گے اور آوی کوخائی نے اس بات سے اتفاق کرلیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر غرب اردن میں استقامتی محاذ کے اعلی عہدیداروں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
صیہونی حکومت یہودیوں کے مختلف تہواروں پر، غرب اردن میں فلسطینی مجاہدین کے حملوں کے خوف سے، فوجی نقل و حرکت میں اضافہ کردیتی ہے۔ 
پچھلے دو ماہ اور خاص سے غزہ پر سہ روز ہ جارحیت کے بعد سے صیہونی حکام کو غرب اردن کے علاقے میں، فلسطینیوں کے احتجاجی مظاہروں اور استقامتی کارروائیوں کا سامنا ہے۔
اس سے پہلے صیہونی حکومت کے ملٹری انٹیلی جنس کے سابق سربراہ تمیر ہیمن نے فلسطینیوں کے درمیان حماس اور تحریک جہاد اسلامی کی پوزیشن کو مضبوط کرنے اور مغربی کنارے میں انتفاضہ کے زیادہ امکان کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ 
اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے استقامتی گروہوں کی پوزیشن اور عوامی حمایت میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ فلسطینی عوام کے خیال میں یہ نظریہ پوری طرح ناکام ہو چکا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ سیاسی حل ممکن ہے۔
انہوں نے اسرائیلی اخبار یدیعوت آحارونوت کو بتایا کہ جہاد اسلامی اور حماس جیسے گروپوں کی طاقت بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے بقول ان کے ایک غیر مستحکم صورتحال پیدا ہو رہی اور نتیجے میں کسی بھی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
صیہونی حکومت کی اس سابق انٹیلی جنس اور فوجی شخصیت کی جانب سے فلسطینی انتفاضہ کے امکان کے بارے میں انتباہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب حال ہی میں بعض دیگر صیہونی عہدیداروں نے بھی اس بارے میں خبردار کیا ہے۔

ٹیگس