سعودی سفیر کا اعتراف، امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات کشیدہ ہیں
واشنگٹن میں سعودی عرب کی خاتون سفیر کا کہنا ہے کہ موجودہ سعودی عرب سابقہ سعودی عرب سے بہت الگ ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: امریکہ میں سعودی عرب کی خاتون سفیر نے اپنے ملک اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سعودی عرب گزشتہ پانچ یا دس سال کا سعودی عرب نہیں ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں سعودی سفیر ریما بنت بندر نے ایک میڈیا انٹرویو میں اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان کشیدگی سیاسی نہیں، بلکہ محض اقتصادی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کا جائزہ، ایک "مثبت" چیز ہے۔
رشا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق سعودی سفیر نے سی این این چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ بہت سے لوگ امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات میں اصلاحات یا نظر ثانی کی بات کر رہے ہیں، در اصل میں سوچتی ہوں کہ یہ ایک مثبت چیز ہے کیونکہ آج کا سعودی عرب پانچ دس سال پہلے والا سعودی عرب نہیں ہے۔
واشنگٹن کے ساتھ اپنے ملک کی کشیدگی کے بارے میں امریکا میں سعودی عرب کی سفیر نے مزید کہا کہ یہ واضح ہے کہ ہم اختلاف کے عروج پر پہنچ چکے ہیں اور بہت سے لوگوں نے اسے سیاسی شکل دینے کی کوشش کی ہے لیکن یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں ہے بلکہ محض رجحانات کو اپنانے کے 40 یا 50 سال کے تجربے پر مبنی اقتصادی فیصلہ ہے۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کی سیاست میں مداخلت نہیں کرتے، ہم اس مسئلے میں صرف ایک متوازن فریق کے طور پر شامل ہیں اور توانائی کی منڈی کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے میں معاون عنصر کے طور پر شامل ہیں، یہی کردار ہم نے پوری تاریخ میں ادا کیا ہے۔