سعودی عرب میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی تشویش
انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے سعودی جیل میں انسانی حقوق کے سرگرم عمل کارکن محمد القحطانی کی صورتحال کو نہایت تشویشناک قرار دیا ہے۔
سعودی عرب میں انسانی حقوق کے سرگرم عمل کارکن محمد القحطانی کو مارچ دو ہزار تیرہ میں گرفتار کر کے پندرہ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں انسانی حقوق کے سرگرم عمل کارکن محمد القحطانی کو جیل میں کسی سے ملنے کی اجازت نہیں ہے یہاں تک کہ ان کے وکیلوں تک کو ان سے ملنے نہیں دیا جاتا۔
سعودی حکام نے جیلوں میں بند سیاسی اور انسانی حقوق کے سرگرم عمل کارکن قیدیوں کی تعداد کا کبھی اعلان نہیں کیا ہے جبکہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے اپنے ذرائع کی بنیاد پر یہ تعداد تقریبا تیس ہزار بتائی ہے جو جیلوں میں ایذا رسانی کے ساتھ ساتھ ابتر صورت حال میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔