شام میں امریکی چور اپنے دھندے میں مصروف، اقوام متحدہ خاموش
شام میں موجود امریکی دہشتگرد بدستور اس ملک کے قومی ذخائر کی لوٹ مار میں مصروف ہیں۔
سحر نیوز/عالم اسلام: سانا کی رپورٹ کے مطابق، 94 فوجی ٹرکوں اور آئل ٹینکروں سمیت مختلف قسم کے ہتھیاروں سے لیس دہشتگرد امریکی فوجیوں کا ایک قافلہ گزشتہ شب شام کی غیر قانونی المحمودیه گذرگاہ سے عراق میں داخل ہوا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد امریکی فوجیوں کے 30 آئل ٹینکر غیر قانونی گذر گاہ الولید سے جبکہ 44 دیگر آئل ٹینکر شام کی غیر قانونی المحمودیه گذرگاہ سے عراق میں داخل ہوئے ہیں۔ اسکے علاوہ گندم سے بھرے 20 کنٹینر سیمالکا غیر قانونی گذر گاہ سے شمالی عراق میں داخل ہوئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے بھی 123 امریکی آئل ٹینکر شامی تیل لوٹ کر الجزیرہ علاقے سے عراق کی جانب روانہ ہوئے تھے۔
چند روز قبل شام کے صدر کی مشیر اعلی بثینہ شعبان نے بھی زور دیکر کہا تھا کہ امریکہ ایک جانب شام میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے اور دوسری طرف شامی عوام کے قدرتی ذخائر لوٹ رہا ہے ۔ دمشق نے شام میں امریکیوں کی موجودگی کو، غیرقانونی قبضے اور اقتدار اعلی پر دراندازی کے مترادف قرار دیا ہے۔
امریکہ کے اس قسم کے اقدامات پر شامی حکومت کے بارہا اعتراض درج کرانے کے باوجود، اقوام متحدہ نے تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے اور اسکی معنیٰ دار خاموشی نے امریکی چوروں کے لئے مناسب زمین ہموار کر رکھی ہے۔