Nov ۲۰, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۸ Asia/Tehran
  • پاک افغان بارڈر کھولنے کے لئے مذاکرات پھر ناکام، سرحد آج بھی بند

پاک افغان چمن بارڈر دوبارہ بحال کرنے کےلیے پاکستان اور افغانستان حکام کے مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہوگئے، جس کے باعث آج پھر پاک افغان سرحد تجارت کے لیے بند رہے گا۔

سحر نیوز/پاکستان: ڈان نیوز ویب سائٹ کے مطابق آج ساتویں روز بھی پاک افغان چمن بارڈر غیر معینہ مدت کے لیے بند ہے۔ یہ بارڈر تیرہ نومبر کو افغان حدود سے نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ کے بعد بند کر دیا گیا تھا جس میں ایک پاکستانی فوجی جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز ہوئے اجلاس میں پاکستانی حکام نے افغانستان کے طالبان حکام سے سرحد پر ناخوشگوار واقعات ختم کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی تیاری پر گفتگو کی تھی۔ پاکستان نے فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے مشترکہ تحقیقات پر بھی زور دیا۔

ڈان نے اجلاس میں موجود سینئر بارڈر سیکیورٹی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل مستقبل میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کو ختم کرنے میں مدد دےگا۔

ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے حکام نے پاکستانی حکام کے ساتھ سرحدی امور کو خوش اسلوبی سے بڑھانے کے لیے تجاویز دی۔ اجلاس میں افغان خواتین کو سرحد پار کرنے کے دوران درپیش مشکلات کے حوالے سےبھی بات چیت کی گئی جس میں افغان طالبان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے خواتین کے لیے الگ راستہ بنایا جائے جہاں خواتین سیکیورٹی اہلکار کو بھی تعینات کیا جائے۔

اجلاس میں سرحد کھولنے پر اتفاق تو نہ ہو سکا تاہم طے کیا گیا کہ اکیس نومبر کو ایک بار اور اس موضوع پر بیٹھ کر دونوں ممالک کے حکام تبادلہ خیال کریں گے۔

ٹیگس