Nov ۲۲, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • انڈونیشیا میں زلزلے سے ہر طرف تباہی ہی تباہی، سیکڑوں جاں بحق و زخمی (ویڈیو)

انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا میں 5.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 162 افراد جاں بحق جبکہ 326 زخمی ہوگئے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق کل دوپہر کے وقت آنے والے زلزلے کا مرکز مغربی جاوا کا سیانجور علاقہ تھا، زلزلے کی شدت دارالحکومت جکارتا میں بھی محسوس کی گئی۔ انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں 5.6 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں اب تک 162 افراد جاں بحق اور 326 سے زائد زخمی ہوگئے۔

انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متعدد عمارتیں گر گئیں اور ملبے میں بہت سے لوگ دبے ہوئے ہیں۔

انڈونیشیا کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ترجمان نے ہلاکت خیز زلزلے میں 162 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ 326 افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

زخمیوں اور ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہونے کے باعث اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی اور عملے کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں تاہم کھانے پینے کی اشیاء اور پینے کے پانی کی کمی ہے۔

امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ زخمیوں میں بھی بہت سے افراد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ جزیروں پر مشتمل ملک انڈونیشیا میں زلزلے آنا معمول کی بات ہے تاہم کبھی کبھی یہ نہاہت ہلاکت خیز ثابت ہوتے ہیں۔ اگست 2018 میں 500 سے زائد افراد لقمۂ اجل بن گئے تھے جب کہ 2 ہزار سے زائد زخمی اور 3 لاکھ افراد بے گھر ہوئے تھے۔

 

ٹیگس