Nov ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۴:۳۴ Asia/Tehran
  • بحرین میں قومی حکومت کی تشکیل کا مطالبہ

بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق نے بحرین میں مکمل سیاسی و اقتصادی اصلاحات کی انجام دہی کے لئے ایک قومی حکومت تشکیل دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

المرات البحرین کی ویب سائٹ کے مطابق بحرین کی جمعیت الوفاق نے ایک بیان میں ایک ایسی قومی حکومت تشکیل دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے جو ملک کو نجات دلانے کی ذمہ داری لے سکے اور بحرین میں مکمل سیاسی و اقتصادی اصلاحات کی انجام دہی کے لئے حالات سازگار بنا سکے تاکہ بحرین کو جو ایک عرصے سے مجموعی طور پر ریکارڈ توڑ بحرانوں سے دوچار ہے، مختلف قسم کے مسائل و مشکلات سے نجات پا سکے۔
بحرین کی جمعیت الوفاق نے کہا ہے کہ بحرین میں انتخابات کا ڈھونگ رچائے جانے کے بعد اور اس ملک کے عوام کی اکثریت  سے چشم پوشی کئے جانے کے باوجود جاری سیاسی واقعات کی روک تھام کرنے کی کوشش کے پیش نظر ملک میں ایک ایسی قومی حکومت تشکیل دیئے جانے کی ضرورت ہے جو ملک میں درپیش مسائل کو درک کرتے ہوئے انھیں حل کرنے کی توانائی رکھتی ہو اور ملک میں اصلاحات کا عمل انجام دے سکے۔
بحرین کی سیاسی جماعت الوفاق کا کہنا ہے کہ ہمیں ملک میں ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو صرف کسی خاص طبقے کی نمائندگی نہ کرے اور گفتگو کی بنیاد پر مختلف فرقوں اور جماعتوں کو افہام و تفہیم کے ساتھ آگے لے کر چل سکے اور مختلف اداروں میں تعلقات کی برقراری کے لئے ایک قانون بنا سکے اور حکومت کی بنیاد اور اپنے فرائص انجام دینے کے لئے پارلمینٹ کی تشکیل کا عمل عوامی عزم و ارادے پر مشتمل ہو اور تمام مسائل میں حکومت جواب دہ بن سکے۔
جمعیت الوفاق بحرین کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جو اس ملک کے معروف عالم دین شیخ علی سلمان کی سربراہی میں سن دو ہزار ایک میں قائم ہوئی ہے جبکہ بحرین میں دو ہزار گیارہ سے حکومت مخالف عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جو اپنے ملک میں جمہوری حکومت کی تشکیل اور عدل و انصاف کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کو آل خلیفہ حکومت نے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے تحت جیل میں بند کررکھا ہے ۔

ٹیگس