Nov ۲۷, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ اپنے دائرے میں رہے: طالبان

افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے شرعی سزاؤں کے نفاذ پر اقوام متحدہ کمیشن برائے انسانی حقوق اور مغربی ممالک کے نمائندوں کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ادارے اپنے نمائندوں کو اسلام مخالف بیانات دینے سے روکیں۔ 

سحر نیوز/عالم اسلام: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اقوام متحدہ اور مغربی ممالک کو اپنے نمائندوں کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات دینے سے روکنا چاہئے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے لکھا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کے ترجمان اور مغربی ممالک کے نمائندوں کی جانب سے کوڑوں کی سزا کو غیر انسانی اور ظالمانہ فعل قرار دینا مقدس مذہب اسلام کی توہین اور عالمی معیارات کے منافی ہے۔

گزشتہ روز انسانی حقوق کی تنظیموں نے ملا ہیبت اللہ آخوندزادہ کے حکم پر خواتین سمیت 14 افراد کو کوڑے مارنے کی سزا کو ظالمانہ فعل اور غیر انسانی رویہ قرار دیا تھا۔ جبکہ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کے دفتر کی ترجمان روینہ شامداسانی نے خواتین سمیت 14 افراد کو کوڑے مارنے کی سزا کے خلاف بیان دیا تھا۔

واضح رہے کہ طالبان نے مختلف جرائم پر 3 خواتین سمیت 14 افراد کو چند روز قبل کوڑے لگائے تھے۔

 

ٹیگس