طالبان کی حکومت میں ایک اور شیعہ عالم کو عہدہ مل گیا
افغانستان میں طالبان نے ایک شیعہ عالم دین کو وزارت ٹرانسپورٹ کا معاون مقرر کیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق طالبان انتظامیہ نے جمعرات کے روز افغان شیعہ عالم دین شیخ مدار علی کریمی کو وزارت ٹرانسپورٹ میں فائننشل اینڈ ایڈمنسٹریٹیو (financial and administrative) ڈائریکٹر مقرر کیا ہے اور انہوں نے اپنا کام بھی شروع کردیا ہے۔
اس موقع پر شیخ مدار علی کریمی نے کہا کہ وہ اپنا دینی اور شرعی فریضہ سمجھتے ہوئے افغانستان کے عوام کی یکساں طور پر خدمت کریں گے۔
طالبان انتظامیہ میں اب تک 3 شیعہ مسلمانوں کو اس قسم کا عہدہ مل چکا ہے۔ اس سے قبل عبداللطیف نظری وزارت اقتصاد اور حسن غیاثی وزارت صحت کے ڈائریکٹر مقرر کئے جا چکے ہیں۔
طالبان نے 15 اگست 2021 میں افغانستان میں حکومت کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لیا اور اس کے بعد انہوں نے ایک وسیع البنیاد قومی حکومت کی تشکیل کا وعدہ کیا تھا تاہم وہ اس سلسلے میں ابھی تک عالمی برادری کی توقعات کو پورا نہیں کر پائے ہیں۔