داعش کے سرغنہ کو کس نے مارا، اہم انکشاف
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شامی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں داعش کا سرغنہ ہلاک ہوا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: واشنگٹن کے اس اعلان کے باوجود کہ داعش کے سرغنہ کو "فری سیرین آرمی" کے دہشت گردوں نے ہلاک کیا ہے، شام کی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ داعش کے سرغنہ کو اس ملک کی سیکورٹی فورسز نے ہلاک کیا ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے ملک کے سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ کا سرغنہ جس کی موت کی اطلاع چند روز قبل سامنے آئی تھی، ڈیڑھ ماہ قبل مارا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ تقریبا ڈیڑھ مہینہ پہلے یعنی 15 اکتوبر کو ایک سیکورٹی آپریشن میں شامی فوج نے درعا کے مضافاتی علاقے میں داعش کے سرغنہ کو ڈھیر کر دیا۔
سانا نے دمشق میں اپنے سیکورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ داعش کا سرغنہ جو "عبدالرحمن العراقی" کے نام سے مشہور تھا، درعا کی تحصیل کے جاسم نامی شہر میں اس کے کمانڈ ہیڈ کوارٹر پر سیکورٹی اہلکاروں کے حملے میں اپنے گروہ کے تمام ارکان سمیت مارا گیا۔